۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
جلالپور

حوزہ/ ۷ مئی ۲۰۲۳ بروز اتوار بوقت ۷بجے صبح سے۹ بجے تک ہونے والے مسابقے میں ۵۰۰ طالب علموں نے نہایت ہی انہماک کے ساتھ شرکت کی ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امبیڈکرنگر ، جلالپور و اطراف و جوانب میں علمی و ادبی فضا قائم رکھنے کے لئے حوزۂ علمیہ بقیت اللہ مسلسل کوشاں ہے، اس کوشش کو جاری رکھنے کے لئے گزشتہ سال کی طرح امسال بھی حوزے کی جانب سے ماہ مبارک رمضان ہی میں مسابقے کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا تھا، اس کے بعد ہی سے تمام طلباء و طالبات نے معین کردہ نصاب آیت اللہ مکارم شیرازی دام ظلہ کی کتاب ہمارے عقائد کا مطالعہ شروع کر دیا تھا۔

ایک ماہ کے عمیق مطالعے کے بعد ۷ مئی ۲۰۲۳ بروز اتوار بوقت ۷بجے صبح سے۹ بجے تک ہونے والے مسابقے میں ۵۰۰ طالب علموں نے نہایت ہی انہماک کے ساتھ شرکت کی ۔

مسابقے کا بنیادی مقصد قوم کے جوانوں میں چاہے وہ لڑکے ہوں یا لڑکیاں دونوں کے اندر دینی و مذہبی مطالعے کا رجحان پیدا کرنا ہے لیکن غور طلب بات یہ ہے کہ جہاں قوم کی بچیوں نے اس تعلیمی مسابقے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا وہیں نوجوان بچوں میں مطالعے کا رجحان کم دیکھا گیا –

اس پورے پروگرام کے موجودہ روح رواں مولانا شہاب علی ہندی ، فرزندِ رشید مولانا زاہد علی ہندی مؤسس و بانی حوزۂ علمیہ بقیت اللہ جلالپور نے بتلایا کہ اس علمی و ادبی تحریک میں امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لئے انھیں نفیس انعامات سے نوازا جائے گا ۔

مدیر مدرسہ مولانا اشفاق حسین حیدری نے مسابقے کی نگرانی کرنے والے تمام اساتید حوزہ و دیگر نگراں کا شکریہ ادا کیا ، نگرانی کر رہے مولانا مشرقین ، مولانا ذیشان ، و مولانا مشیر مصطفوی نے مسابقے میں شریک ہونے والے طلباء سے گفتگو کرنے کے بعد بتلایا کہ اکثر طلباء و قوم کے باشعور افراد یہ چاہتے ہیں کہ اس طرح کے تعلیمی پروگرام اور سمینار سال میں کئی بار منعقد کئے جائیں جس سے کہ تعلیمی فضا بر قرار رہے ۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .